اردوئے معلیٰ

Search

اُڑتے ہوئے غبار میں اجسام دیکھتے

ہم تھک چکے مناظرِ ابہام دیکھتے

 

اتنی قلیل عمر میں ممکن کہاں کہ لوگ

اتنے شدید درد کا انجام دیکھتے

 

صبحِ فراقِ یار تلک سنگ رہ گیا

اس دل کی رونقوں کو سرِ شام دیکھتے

 

جھپکی ہے آنکھ آج کہ اک عمر ہو گئی

لوحِ ہوا پہ نقش کوئی نام دیکھتے

 

ائے کاش ہم بھی جانکنی کے عذاب میں

اپنا یہ رقصِ مرگ سرِ عام دیکھتے

 

یعنی کہ تم تو دل کے گریباں میں جھانکتے

اس کشتہِ سکوت کے ہنگام دیکھتے

 

یا دھوپ دیکھتی تھی ہمیں رینگتے ہوئے

یا ریگ زارِ وقت کے اہرام دیکھتے

 

پھر پوچھتے کہ رات بھلا کیوں نہیں ہوئی

تم ایک بار وہ شفق اندام دیکھتے

 

رکھنا پڑا ہے رہن فقط اپنے آپ کو

اب کیا تمہارے قرب کے بھی دام دیکھتے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ