اِک ایسا فیضِ کرم چشمَِ التفات میں ہے
نبیؐ کا ذکر ہماری رگِ حیات میں ہے
زمیں سے تابہ فلک لامکاں سے آگے تک
کہ ذکر ساقیء کوثر کا کائنات میں ہے
طلب کریں نہ کریں سب کو ہیں عطا کرتے
عطا و جُود و کرم آپؐ کی صفات میں ہے
گزر گیا جو حبیبِؐ خدا کی چوکھٹ پر
وہ ایک لمحہ معظم مری حیات میں ہے
مرے قلم نے یہ اشفاقؔ اعتراف کیا
سرور و کیف عجب مصطفیٰؐ کی نعت میں ہے