اے شہ عرب شہ انبیاء تیری سب صفات میں چاندنی
تو خدا کا پیار ا رسول ہے تیری بات بات میں چاندنی
تیرا پیار جس کا نصیب ہے وہ خدا کے کتنا قریب ہے
وہ جہاں کہیں بھی چلا گیا رہی اسکی گھات میں چاندنی
تیری یاد کا جو گزرا ہوا میرا دل بھی رشک قمر ہوا
تیری یاد ہی کا ہے معجزہ کھلی مری ذات میں چاندنی
مرے دل کے دشت میں ہر گھڑی تیرا ذکر ہے تیرا فکر ہے
تیرے ذکروفکر نے کی عطا مجھے مشکلات میں چاندنی
جو کبھی بھی آسؔ نہ ڈھل سکے جو نہ تیرگی میں بدل سکے
در مصطفےٰ کے سوا کہیں وہ نہ آئے ہات میں چاندنی