اردوئے معلیٰ

Search

بدلے گی لحد میری چمن زار کی صورت

جس وقت نظر آئے گی سرکار کی صورت

 

لاریب وہ کملی میں چھپا لیں گے مجھے بھی

دیکھیں گے محمد جو طلب گار کی صورت

 

پرواز مدینے کو درودوں کی لڑی ہے

کونجیں سی اڑی جاتی ہیں اک ڈار کی صورت

 

اے نور جبل ناز کیا کر تو حِرا پر

وہ خلد کا ٹکڑا ہے مگر غار کی صورت

 

صدیق و عمر حیدر و عثمان قدم بوس

کیا ہوگی نبی پاک کے دربار کی صورت

 

جیسے ہی رکی اونٹنی ایوب کے در پر

سب رشک سے تکنے لگے گھر بار کی صورت

 

دربارِ رسالت میں زباں کو نہیں جنبش

سو اشک لیا کرتے ہیں گفتار کی صورت

 

سرکار نئی نعت سنانے کی طلب ہے

اک خواب عطا کیجیے دیدار کی صورت

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ