بستی بستی قریہ قریہ آنا جانا اچھا ہے
کوچہ کوچہ نعت نبی کے شعر سنانا اچھا ہے
کام جو گھر گھر جھاڑو پوچھا کرنے کا مل جائے ہمیں
شہر مدینہ کو جانے کا یہ بھی بہانہ اچھا ہے
خانہ کعبہ میں جیسے بھی گزریں اپنے شام و سحر
ان کی گلی میں ان کے در پر ہوش میں آنا اچھا ہے
ویسے تو جو بھی آئے گا فیض یقیناً پائے گا
بزم میں ان کی ان کے عاشق کو ہی بلانا اچھا ہے
وقت مٹانا چاہے مٹائے لیکن ہم تو کہتے ہیں
گنبد خضرا دل کے فلک پر روز بنانا اچھا ہے
شرط یہ ہے ہر اک پتھر پر نام نبی کا لکھا ہو
سنگ نوا سے دریا دریا موج اٹھانا اچھا ہے
یاد شب معراج نبی کی اچھی چیز ہے اے لوگو !
آمد شاہ کون و مکاں کا جشن منانا اچھا ہے
جتنے ہیں سیاح ملائک جتنے بھی ہیں اچھے لوگ
کرکے بپا میلاد کی محفل گھر میں بلانا اچھا ہے
دشت نفس میں دھوپ کڑی ہو اور نہ کوئی سایہ ہو
ایسے میں آقا آقا کرنا اشک بہانا اچھا ہے
ایک قدم بھی آگے آئے باد خزاں کی کب ہے مجال
گلشن گلشن ذکر نبی کے پھول کھلانا اچھا ہے
اس سے اچھی کون سی شے ہے جس سے دل کو بہلائیں
نورؔ نبی کی باتیں کرکے دل بہلانا اچھا ہے