اردوئے معلیٰ

Search

بنتِ خیرالوریٰ سیدہ فاطمہؓ

اوج صدق و صفا سیدہ فاطمہؓ

 

تیرے آنے پہ اٹھتے ہیں خود مصطفےٰ

یہ ہے رتبہ ترا سیدہ فاطمہؓ

 

سب جھکائیں گے سر حشر میں آئے گا

جب ترا قافلہ سیدہ فاطمہؓ

 

تیرا ڈھلکے جو آنچل نہ پھوٹے سحر

یہ ہے تیری حیا سیدہ فاطمہؓ

 

یہ ادب تھا کہ سورج نے دیکھا نہیں

آپ کا نقشِ پا سیدہ فاطمہؓ

 

شب گزرتی گئی پر نہ پورا ہوا

ایک سجدہ ترا سیدہ فاطمہؓ

 

حشر میں دے گی سب بیٹیوں کو اماں

آپ ہی کی رِدا سیدہ فاطمہؓ

 

مُصطفٰی نے کہا میرے ابوین بھی

ہیں تجھی پر فدا سیدہ فاطمہؓ

 

تیرے گلشن کے پھولوں کی مہکار سے

کیسی مہکی فضا سیدہ فاطمہؓ

 

اپنے دامن میں لے کر تری آل کو

سج گیا کربلا سیدہ فاطمہؓ

 

ہوں گی نسلیں غلامانِ آلِ نبی

ہے یہ عہدِ وفا سیدہ فاطمہؓ

 

تیرے بابا کی اُمّت پریشان ہے

ہاتھ دیجے اٹھا سیدہ فاطمہؓ

 

آپؓ کے در کا نوکر جلیلِ حزیں

دور ہو ابتلاء سیدہ فاطمہؓ

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ