اردوئے معلیٰ

Search

بچھڑ کے طیبہ سے دل کی شگفتگی نہ رہی

وہاں سے آئے تو اُمِّیدِ زندگی نہ رہی

 

وہاں خیال بھی ضو ریز تھا ستارہ صفت

یہاں بہار کے موسم میں دلکشی نہ رہی

 

کرم کے پھول سمیٹے وہاں تو ہر لمحہ

بنے جو پھول یہاں ایسی اک کلی نہ رہی

 

وہ عہد جس میں درخشاں تھیں دین کی قدریں

ہوا نگاہ سے اوجھل تو چاندنی نہ رہی

 

سحر کی چاہ تو دل کو بہت ہے پر آقا

زوالِ شب کی کسی کو اُمید ہی نہ رہی

 

شناخت بھول کے غیروں کی سمت دیکھتے ہیں

ہیں سنگ و خشت سے بد تر کہ اب خود ی نہ رہی

 

نہیں کسی کو بھی احساس اپنے لٹنے کا

حقیر شے تھی خودی وہ رہی رہی نہ رہی

 

عجب! کہ عشقِ بلالیؓ کے خوب چرچے ہیں

مگر نہالِ مقاصد میں تازگی نہ رہی

 

جہاد صرف خیالات کی امانت ہے

ادا ہو کیسے امانت، یہ آگہی نہ رہی

 

یہ قوم عزم کی شمعیں بجھا کے بیٹھ گئی

مگر گِلہ ہے! چراغوں میں روشنی نہ رہی

 

حضور ! اب تو دعاؤں کو نور مل جائے!

وہ دن بھی آئے کہیں ہم کہ تیرگی نہ رہی!

 

عزیزؔ درد کا دریا عبور ہو کیسے؟

کہ اِس بھنور سے نکلنے کی آس بھی نہ رہی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ