اردوئے معلیٰ

Search

بڑے ہی اوج پر قسمت مری ہے

نظر کے سامنے شہر نبی ہے

 

میں دیوانہ ہوں کوئے مصطفیٰ کا

مرے قدموں میں یوں دنیا پڑی ہے

 

انہیں کی نعت سے مطلب ہے مجھ کو

انہیں کا ذکر میری زندگی ہے

 

دیارِ مصطفیٰ کہتے ہیں جس کو

اجالوں کا سمندر وہ گلی ہے

 

گدائے کوچۂ خیرالوریٰ ہوں

مجھے حسرت سے شاہی دیکھتی ہے

 

چراغِ عشقِ آقا کر کے روشن

کیا میں نے علاجِ تیرگی ہے

 

ابھی ہے انجمن میں ذکر ان کا

ابھی روشن چراغِ آگہی ہے

 

نبی کے دوستوں کا دوست ہوں میں

نبی کے دشمنوں سے دشمنی ہے

 

کہی ہے جب سے انجمؔ نعت میں نے

مری سانسوں میں خوشبو بس گئی ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ