اردوئے معلیٰ

Search

بے ہُنر ہو کے واہ واہ میں ہیں

جو تری نعت کی پناہ میں ہیں

 

جس کو زیبا ہے شانِ دلداری

اُس نگہ دار کی نگاہ میں ہیں

 

آس میں اور اُس سے وابسطہ

گرد ہیں اور اُس کی راہ میں ہیں

 

نقشِ نعلین سے ہیں تابندہ

شوخیاں جتنی مہر و ماہ میں ہیں

 

ایک نسبت کی ہے طرفداری

خام خُو بھی حصارِ جاہ میں ہیں

 

کیا خطَر بادِ بے اماں سے اُنہیں

جو مدینے کی حرز گاہ میں ہیں

 

رفعتیں سب ترے کرم کی نقیب

عظمتیں سب تری سپاہ میں ہیں

 

ہم معاصی سرشت و بے تدبیر

حیطۂ عفوِ خیرخواہ میں ہیں

 

بے سبب بے خطر نہیں مقصودؔ

فیصلے سارے دستِ شاہ میں ہیں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ