اردوئے معلیٰ

Search

تجھ کو دلِ فسردہ جو تسکین چاہیے

ہونا بس ان کی یاد میں غمگین چاہیے

 

آئیں گے وہ ضرور مگر ایک شرط ہے

سوز وفا سے قلب کی تزئین چاہیے

 

جو مست جام عشق رسول کریم ہے

اس کی پناہ لے لے اگر دین چاہیے

 

ہم کیوں تلاش ضابطۂ زندگی کریں

ہم کو نبی کے عشق کا آئین چاہیے

 

وقت اجل عزیزو ! مری جان کے لیے

نام رسول پاک کی تلقین چاہیے

 

تسکین جان و تن کے لیے اے مرے کریم!

طیبہ کی سر زمیں پئے تدفین چاہیے

 

پہلے ہو میری آنکھ میں روئے شہ امم

پھر اس کے بعد سورہ یٰسین چاہیے

 

مانگوں جو میں دعا میں مدینہ تو قدسیو!

لب سے تمہارے بس مجھے آمین چاہیے

 

اشعار میرے نورؔ کریں کاش وہ قبول

خلقت سے مجھ کو داد نہ تحسین چاہیے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ