اردوئے معلیٰ

ترے لطف کا سلسلہ یا الٰہی

ترے لطف کا سلسلہ یا الٰہی

رہے ساتھ میرے سدا یا الٰہی

 

کھلیں میری باتوں سے کلیاں دلوں کی

بنا دے مثالِ صبا یا الٰہی

 

کوئی وقت ہو ، کوئی لمحہ ، کوئی پل

ہو محبوب تیری رضا یا الٰہی

 

دکھا دے دکھا دے ہمیں بھی دکھا دے

درِ پاکِ خیر الوریٰ یا الٰہی

 

سلامت رہے دل میں حبِ شہ دیں

یہی ہے فقط اک دعا یا الٰہی

 

مری شاخِ امید پر بہرِ زہرا

کھلا دے گلِ مدعا یا الٰہی

 

مجیبِؔ حزیں کو بھی اپنا بنا لے

برائے شہِ انبیا یا الٰہی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے

اشتہارات

لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ