اردوئے معلیٰ

Search

تمھارا نام مصیبت میں جب لیا ہو گا

ہمارا بگڑا ہوا کام بن گیا ہو گا

 

دکھائی جائے گی محشر میں شانِ محبوبی

کہ آپ ہی کی خوشی آپ کا کہا ہو گا

 

خدائے پاک کی چاہیں گے اگلے پچھلے خوشی

خدائے پاک خوشی ان کی چاہتا ہو گا

 

کسی کے پلّہ پہ یہ ہوں گے وقت وزن عمل

کوئی امید سے منہ ان کا تک رہا ہو گا

 

کوئی کہے گا دہائی ہے یا رسول اللہ

تو کوئی تھام کے دامن مچل گیا ہو گا

 

کسی کو لے کے چلیں گے فرشتے سوئے جحیم

وہ اُن کا راستہ پھِر پھِر کے دیکھتا ہو گا

 

شکستہ پا ہوں مرے حال کی خبر کر دو

کوئی کسی سے یہ رو رو کے کہہ رہا ہو گا

 

خدا کے واسطے جلد ان سے عرض حال کرو

کسے خبر ہے کہ دم بھر میں ہائے کیا ہو گا

 

پکڑ کے ہاتھ کوئی حال دل سنائے گا

تو رو کے قدموں سے کوئی لپٹ گیا ہو گا

 

زبان سوکھی دکھا کر کوئی لبِ کوثر

جناب پاک کے قدموں پہ گر گیا ہو گا

 

کوئی قریب ترازو کوئی لبِ کوثر

کوئی صراط پر اُن کو پُکارتا ہو گا

 

یہ بے قرار کرے گی صدا غریبوں کی

مقدس آنکھوں سے تار اشک کا بندھا ہو گا

 

میں ان کے در کا بھکاری ہوں فضلِ مولیٰ سے

حسنؔ فقیر کا جنت میں بسترا ہو گا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ