اردوئے معلیٰ

ثنائے مصطفیٰ سے ہو گیا دل کا مکاں روشن

محبت مل گئی ان کی ہوا میرا جہاں روشن

 

سجائی آج گھر میں آپ کے میلاد کی محفل

پڑھا صلِ علیٰ جب، ہو گئی میری زباں روشن

 

گھڑی معراج کی آئی تو پھیلا نور ہر جانب

سواری آپ کی گزری ہوئی ہے کہکشاں روشن

 

برستی ہے کرم کے شہر میں انوار کی بارش

اسی سے ہو گئے سارے زمین و آسماں روشن

 

در و دیوار سے بھی پھوٹتی ہیں نور کی کرنیں

کہ مصدر ہے یہاں پیارے نبی کا آستاں روشن

 

ہمارے مصطفیٰ جب آمنہ کی گود میں آئے

سنا ہے ناز نے اس دم ہوا سارا جہاں روشن

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ