اردوئے معلیٰ

Search

جانے کتنے راز چھپے ہیں ٹھہرے ٹھہرے پانی میں

کون اُتر کر دیکھے اب اس یاد کے گہرے پانی میں

 

جل پریوں کی خاموشی تو منظر کا ایک دھوکا ہے

فریادوں کا شور مچا ہے اندھے بہرے پانی میں

 

کوئی سیپ اُگلتی ہے موتی اور نہ موجیں کوئی راز

حرص و ہوا کے ایسے لگے ہیں چار سُو پہرے پانی میں

 

جھیل کے نیلے آئینے پر پتھر پھینکنے والو تم!

ساحل پر اب بیٹھ کے دیکھو بگڑے چہرے پانی میں

 

چاہا ہم نے جھیل کنارے چاندنی راتوں میں جن کو

کھلتے ہیں بَن بَن کے کنول وہ پھول سے چہرے پانی میں

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ