جب مدینے قافلہ کوئی بھی جاتا دیکھیے
لازمی ہے چشمِ نم میں جھلملاتا دیکھیے
کس طرح آتی ہے جنت کی بہاروں پر بہار
وجہِ حسن دو جہاں کو مسکراتا دیکھیے
یہ دلیلِ جشنِ میلاد النبی ہے، چار سو
قدسیانِ عرش کو پرچم لگاتا دیکھیے
جاننا گر چاہتے ہیں اختیارِ مصطفٰیٰ
اُمتی کو پُل پہ گرنے سے بچاتا دیکھیے
شانِ محبوبِ خدا ہے خوب، نَو، نَو مرتبہ
رویتِ دیدارِ حق کو آتا جاتا دیکھیے
مرجعِ ہر خیر ہے طیبہ کی یہ سیدھی سڑک
ہر گدا کو اُس گلی میں فیض پاتا دیکھیے
اُن کی خدمت پر کیا ہے رب نے مامور اس لیے
حضرتِ جبریل کو جھولا جھلاتا دیکھیے
حکم ہے لاترفعوا اصواتکم، تعمیل میں
بندۂ عشقِ نبی کو سر جھکاتا دیکھیے
آل و اصحابِ نبی پر بھیجیے ہر دم درود
منظرِ تاریک کو پھر جگمگاتا دیکھیے