اردوئے معلیٰ

Search

جلوۂ حق سے ہے پُر نور تمہاری چوکھٹ

یوں ہے رشک جبل طور تمہاری چوکھٹ

 

جمع رہتے ہیں یہاں جن و ملائک انساں

دونوں عالم میں ہے مشہور تمہاری چوکھٹ

 

کیف آگیں کئے رہتی ہے مشام جاں کو

بوئے جنت سے ہے معمور تمہاری چوکھٹ

 

میں کہیں بھی رہوں اے سرور عالم لیکن

آنکھ سے ہوتی نہیں دور تمہاری چوکھٹ

 

کوئی دیوانہ کہے یا کہے مجنوں مجھ کو

چومے جاؤں گا بدستور تمہاری چوکھٹ

 

وقت نے جس کو کبھی ہنسنے کا موقع نہ دیا

اس کو بھی کرتی ہے مسرور تمہاری چوکھٹ

 

وہ یقیناً مرے آقا ہے تمہارا دشمن

جس کی آنکھوں سے ہے مستور تمہاری چوکھٹ

 

مسئلے کیسے بھی ہوں خلق خدا کوئی بھی ہو

ہر اعانت میں ہے بھرپور تمہاری چوکھٹ

 

کچھ بھی مانگے کوئی اک لمحے میں مل جاتا ہے

یعنی قدرت کا ہے منشور تمہاری چوکھٹ

 

کس توجہ کو نہیں ملتا ہے دیکھے سے سکوں

کس نظر کو نہیں منظور تمہاری چوکھٹ

 

جو اٹھانے کے لیے شور قیامت بھی اٹھے

چھوڑنے والا نہیں نورؔ تمہاری چوکھٹ

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ