اردوئے معلیٰ

Search

جنوں کے ساتھ ابھی تک ہیں سلسلے گویا

تمہارے لمس کے سورج نہیں ڈھلے گویا

 

حریمِ حرف کوئی تان بخش دے اب تو

ترے ریاض میں اب کٹ چکے گلے گویا

 

بس اپنا آپ لپیٹا تھا زادِ رہ کہہ کر

بدن مٹا کے تری راہ پر چلے گویا

 

تری تلاش کے رستوں میں جذب ہو ہو کر

سرک سرک کے سمیٹے ہیں فاصلے گویا

 

خزاں رسید مسافت سے ہول اٹھتے تھے

بدن سے ٹوٹ کے گرتے تھے حوصلے گویا

 

عجب سماں کہ نظر راکھ سی بجھے جس میں

عجب خلا کہ تخیل کا پر جلے گویا

 

ہوئے جو راہ تو کیا کیا نہ پائمال ہوئے

ہمی کو روند کے بڑھتے تھے قافلے گویا

 

مقدروں کو حوادث نے شل کیا جیسے

نصیب دور کھڑا ہاتھ ہی ملے گویا

 

ہزار اور سفر سند باد کے لکھنا

جو ہو اٹھے کبھی پیروں کے آبلے گویا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ