اردوئے معلیٰ

Search

جو طلبگار مدینے میں چلا آتا ہے

ان کی رحمت کے خزینے میں چلا آتا ہے

 

شب کو جب کھینچتا ہے گنبدِ خضریٰ کا جمال

چاند خود سبز نگینے میں چلا آتا ہے

 

اُس کے سائے سے بھی طوفان لرز جاتے ہیں

جو محمد کے سفینے میں چلا آتا ہے

 

جب زمیں نعت کی سج دھج کے سخن بنتی ہے

آسماں خود مرے سِینے میں چلا آتا ہے

 

دھوپ میں سُوئے مدینہ مَیں چلا جاتا ہوں

باغ خوشبو کا پسینے میں چلا آتا ہے

 

جو مری پست نگاہی میں ہے تکریم رواں

خود ادَب اپنے قرینے میں چلا آتا ہے

 

ان کی دہلیز پہ بے چارگی سر رکھےّ تو

حسن بیمار کے جینے میں چلا آتا ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ