اردوئے معلیٰ

جو تری یاد سے منور ہیں

دل وہ روحانیت کے پیکر ہیں

 

بخش اِک قطرہِ ثناء آقا

تیرے اوصاف تو سمندر ہیں

 

جن پہ سب کچھ لٹایا جاتا ہے

وہی محبوبِ ہر پیمبر ہیں

 

سب حوالے بہارِ عالم کے

آپ کے حسن کے گداگر ہیں

 

بخششِ رب کی آپ ہیں میزاں

رحمتِ رب کے آپ محور ہیں

 

جن کی بھی نوکری قبول ہوئی

لاکھوں ان کی گلی کے چاکر ہیں

 

تیری ہمت کے آگے ہار گئے

فتنہ و شر کے جتنے لشکر ہیں

 

صرف دنیا کی مشکلوں میں نہیں

وہ مرے سائبانِ محشر ہیں

 

سوزِ دل ان کا کوئی کیا جانے

جن پہ پڑھتے درود پتھر ہیں

 

کتنے خوش بخت ہیں شکیلؔ سبھی

میرے آقا کے جو ثنا گر ہیں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ