اردوئے معلیٰ

Search

جھانکتے جھانکتے کنارے سے

رات میں گر پڑا ستارے سے

 

ویسے میں صف میں آخری تھا مگر

اُس نے بلوا لیا اشارے سے

 

اور پاس آگیا بچھڑ کر تو

فائدہ ہو گیا خسارے سے

 

گھر نہیں ، بے گھری بنائی ہے

میں نے وحشت کے اینٹ گارے سے

 

شاعروں نے کمائی کی ہے بہت

رائیگانی کے استعارے سے

 

تُو مرے رَب کا فیصلہ ہے میاں

تجھ کو پایا ہے استخارے سے

 

اک مسافر کو دیکھتا تھا کوئی

شہر کے آخری منارے سے

 

تلخیوں کے علاوہ کیا ملتا

ایک میٹھے کو ایک کھارے سے

 

کچھ نہ پوچھو کہ کیا کِیا فارس

ایک پیارے نے ایک پیارے سے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ