اردوئے معلیٰ

Search

جہاں والو! مبارک ہو امام الانبیاء آئے

رِسالت کے امیں بن کر حبیبِ کِبریا آئے

 

یتیمو، بے نواؤ، غَم کے مارو مسکراؤ سب

گنہ گارو، سیہ کارو دَرِ انور پہ آؤ سب

بنیں گی بگڑیاں سب کی سخی مشکل کشا آئے

 

دُرودوں اور سلاموں کے ترانے برلبِ عالم

ملائک تھے برابر جشنِ آمد میں خوش و خرم

منوّر ہو گئی دُنیا جب اِس میں مصطفی آئے

 

دوانے جشنِ آمد پر دِیے گھی کے جلاتے ہیں

گلی، کوچے، محلے قمقموں سے جگمگاتے ہیں

سُناتے ہیں یہی مُثردہ خُدا کے دِلربا آئے

 

ربیع النور کی بارہ کی صبحِ نور کیا کہنے!

دلِ مومن ہے شاداں مومنو! مسرور کیا کہنے!

بڑی پُرکیف گھڑیاں ہیں شہِ ارض و سما آئے

 

رضاؔ میلاد کی خوشیاں منانا ہم نہ چھوڑیں گے

ہے جب تک دَم میں دَم محفل سجانا ہم نہ چھوڑیں گے

سدا دھومیں مچائیں گے ہمارے پیشوا آئے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ