اردوئے معلیٰ

Search

حبس کے شہر میں اِک تازہ ہَوا کا جھونکا

بخدا نعت ہے بس اُن کی عطا کا جھونکا

 

صحنِ احساس میں کھِل اُٹھتے ہیں رنگین گلاب

دل دریچے سے جو آتا ہے ثنا کا جھونکا

 

درِ ایجاب و کرم کھول گیا ہے یکسر

مغفرت تھامے ہوئے اُن کی رضا کا جھونکا

 

تیرگی قریۂ احساس میں در آئی ہے

اے خدا بھیج مدینے کی ضیا کا جھونکا

 

ایک منظر سے ہیں پیوست درود اور سلام

باندھ لوں گا اِسی منظر میں دُعا کا جھونکا

 

تشنگی ضبط کے بندھن سے اُلجھ بیٹھی ہے

کاش احساس کو چھو جائے لقا کا جھونکا

 

اُن کے دربار سے باہر تو نہیں ہوں مقصودؔ

میرے حصے میں بھی آئے گا عطا کا جھونکا

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ