اردوئے معلیٰ

Search

حروفِ عجز برائے سلام حاضر ہیں

مرے کریم یہ تیرے غلام حاضر ہیں

 

جو اذن یاب ہوئے ہیں اُنہیں مبارک ہو

ہم ایسے خواب گروں کے سلام حاضر ہیں

 

ترے حضور میں پیہم ہے قدسیوں کا نزول

جو صبح اذن نہ پائے وہ شام حاضر ہیں

 

یہ شہرِ پاک مدینہ ہے کوئی خلد نہیں

ترے حضور میں سب خاص و عام حاضر ہیں

 

عجیب پھیلی ہے اقصیٰ کے صحن میں خوشبو

تری جناب میں سارے امام حاضر ہیں

 

بدستِ شاہ دئیے جائیں گے غلاموں کو

رفیع مرتبے، اعلیٰ مقام حاضر ہیں

 

حضور آپ ہی رب کے حضور پیش کریں

مِرے قعود و سجود و قیام حاضر ہیں

 

قیامِ ناز کرم سے ذرا بعید نہیں

دل و نگہ کے یہ خستہ خیام حاضر ہیں

 

کرم کا طرفہ نظارہ ہے تیری چوکھٹ پر

غلام، جن میں ہے مقصودِؔ خام حاضر ہیں

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ