اردوئے معلیٰ

Search

حریمِ قلب سنگِ در سے لف رکھا ہوا ہے

یہ دھیان اپنا مدینے کی طرف رکھا ہوا ہے

 

روایت کے مطابق ان کا استقبال ہوگا

کہ ہم نے دل نہیں سینے میں دف رکھا ہوا ہے

 

نظر فرمائیں گے تو گوہرِ نایاب ہوگا

درِ سرکار پر دل کا خذف رکھا ہوا ہے

 

سرِ افلاک جس کی دھوم ہے وہ سبز گنبد

زمیں کی گود میں گویا صدف رکھا ہوا ہے

 

کوئی تو بارگاہِ نعتِ میں مقبول ہوگا

ہر اک حرفِ سخن کو صف بہ صف رکھا ہوا ہے

 

سرِ مژگاں سجا کر خواب کی خواہش کے دیپک

بس اک دیدار آنکھوں کا ہدف رکھا ہوا ہے

 

مشاغل کھو چکے ہیں دل کشی اشفاق ناعت

فقط اک نعت گوئی کا شغف رکھا ہوا ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ