اردوئے معلیٰ

Search

حضور پھر سے کریں صاحبِ مُراد مجھے

دیارِ رشکِ اِرم آ رہا ہے یاد مجھے

 

اُداس رُت کے سفر پر ہے رخشِ عمر، رواں

مگر وہ اسم کہ رکھتا ہے پھر بھی شاد مجھے

 

کرم ہُوا، تری مدحت کی صبحِ نو جاگی

نصیب نے تو بنایا تھا شب نژاد مجھے

 

بس ایک نعت ہی لکھی تھی، وہ بھی نا پختہ

بہ فیضِ اذن کہا سب نے زندہ باد مجھے

 

نوازنے پہ تو قادر ہیں وہ ورائے طلب

ملے ہیں ہاتھ ہی خواہش کے کم کشاد مجھے

 

سخی سے مانگا ہے جب بھی خیال مدحت کا

دیا ہے اُس نے ہمیشہ ہی مُستزاد مجھے

 

اگرچہ کارِ زیاں ہی رہا ہے نقدِ عمل

مگر ہے اُن کی شفاعت پہ اعتماد مجھے

 

بُلاوا آگیا اگلے ہی دن مدینے سے

سمجھ رہے تھے مگر لوگ ہجر زاد مجھے

 

نوازتے ہیں جو حرفوں کو خود ثنا کی پھبن

اُنہیں سے ملتی ہے مقصودؔ اِس پہ داد مجھے

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ