اردوئے معلیٰ

Search

حیدرؓ و زہراؓ کا ثانی کون ہے کونین میں

بے شبہ بے مثل ہے ان کا نسب دارین میں

 

ان کی عظمت کی گواہی آیتِ تطہیر ہے

پھول ہیں گلشن میں ان کے صورتِ حسنینؑ میں

 

جن کو آقا نے کہا یہ دو مرے ریحان ہیں

جنتی پھولوں کی خوشبو مرحبا سبطین میں

 

شبرؓ و شبیرؓ کی توقیر کرنا دم بہ دم

ہے فلاحِ آخرت مضمر انہی اِسمین میں

 

ٹھنڈی آنکھیں ہر گھڑی رہتی ہیں میری اس لیے

بس مودّت کا خزانہ ہے مری عینین میں

 

عقد کی تقریب جن کی ہو رہی ہے عرش پر

تف مسلماں نقص ڈھونڈے پھر بھی تو زوجین میں

 

نارِ دوزخ سے نکل کر سیدھے جنت میں گئے

حضرتِ حرؓ نے چنی جب راہِ حق نجدین میں

 

ناز ہے تجھ کو اے ملاں علم پر اپنے مگر

علم سارا درحقیقت ہے علیؓ کی عین میں

 

علم سے اپنے لئے تو نے سمیٹی لعنتیں

جب ہوا گستاخ شانِ مادرِ حسنین میں

 

حیدرؓ و حسنینؑ و زہراؓ کے تصدّق میں جلیل

جاگزیں ہوں کاش ہم سرکار کی نعلین میں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ