اردوئے معلیٰ

Search

دیکھ کر بھاگا ہوں میں کفگیر اُس کے ہاتھ میں

آگئی ہے اب مری تقدیر اُس کے ہاتھ میں

 

فیس بُک پہ لوڈ کی تھیں جھوٹی تصویریں تمام

آگئی یہ کون سی تصویر اُس کے ہاتھ میں

 

اُس کے سب قانون اُس کے فائدے کے واسطے

وہ ہے حاکم اور ہے تعذیر اُس کے ہاتھ میں

 

اک منٹ میں وہ ہجومِ بیکراں لے آئے گا

آگیا ہے نعرہء تکبیر اُس کے ہاتھ میں

 

پاس مشکل سے ہوا میٹرک تو ٹیچر بن گیا

الحذر ہے قوم کی تعمیر اُس کے ہاتھ میں

 

وہ اسے تاریخی مخطوطہ سمجھتا رہ گیا

ڈاکٹر کی تھی جو اک تحریر اُس کے ہاتھ میں

 

برف کو برفی بنا کر بیچ دے گا شیخ اب

میڈیا اس کا ہے اور تشہیر اُس کے ہاتھ میں

 

اب کچن کے سارے برتن روز دھلواتی ہے وہ

اک دفعہ چاٹی تھی ہم نے کھیر ُاس کے ہاتھ میں

 

شاعرِ رنگیںِ نوا تحریف کے درپے ہوا

آگئے اقبالؔ و فیضؔ و میرؔ اُس کے ہاتھ میں

 

ہم نے دیکھا ہے یہ مظہرؔ جو ریٹائیر ہوگیا

اپنا مجموعہ ہے یا تفسیر اُس کے ہاتھ میں

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ