زندگی وقف ہے برائے نعت
اس لیے مجھ پہ ہے عطائے نعت
ایسی دنیا کی جستجو میں ہوں
ہر جگہ ہو جہاں فضائے نعت
سب لبوں پر ہے مصطفٰی کا نام
چل پڑی ہے یہاں ہوائے نعت
چشم کو تازگی کی نعمت دے
تلخیاں دل کی سب مٹائے نعت
آئینہ روح کا نکھرتا ہے
فکر سے گرد بھی ہٹائے نعت
مجھ پہ رحمت برسنے لگتی ہے
جب بھی کرتا ہوں ابتدائے نعت
کیا جلائے گا ہم کو یہ سورج
سر پہ موجود ہے ردائے نعت
جب وہ تشریف قبر میں لائیں
سب سے پہلے فدا سنائے نعت