اردوئے معلیٰ

Search

ستارہ بن کے رہوں بے کنار ہو جاؤں

جو تو ملے تو اندھیروں کے پار ہو جاؤں

 

تبسموں کے اجالے شفاعتوں کے حرم

مجھے بُلا کہ میں تجھ پر نثار ہو جاؤں

 

بدن کا نور بھی تو ذات کا شعور بھی تو

تجھے نہ یاد کروں تو غبار ہو جاؤں

 

وہ انقلاب جسے تیری زندگی نے لکھا

میں پٰڑھ سکوں تو گلِ نو بہار ہو جاؤں

 

میں ایسی خاک کہ خوشبو کی پیاس ہے مجھ کو

خدا کرے میں تری رہ گزار ہو جاؤں

 

میں اپنے عہد کا صحرا ہوں مجھ کو حسرت ہے

ترے حضور گروں آبشار ہو جاؤں

 

وہ ایک عکس مری دھڑکنوں میں اترے تو

میں اپنے آپ میں خود بے شمار ہو جاؤں

 

ترے طلب میں چلوں اور خود کو گم کر دوں

میں چاہتا ہوں کہ بے اختیار ہو جاؤں

 

مری طلب کے مصوّر مجھے وہ صورت دے

کہ دھوپ میں شجرِ سایہ دار ہو جاؤں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ