اردوئے معلیٰ

Search

سخن کی کھیتی پہ جیسے اُترے ثنا کے موسم

بصد تنوع مہکتے آئے عطا کے موسم

 

طلوعِ صبحِ جمالِ مدحت کی تازگی سے

بکھرتے جائیں گے ابتلا و بلا کے موسم

 

کمال پروَر ہے کوئے جاناں کی موجِ نکہت

جمال افزا ہیں قریۂ دلرُبا کے موسم

 

صراطِ جاوءک پر شفاعت نے جب سنبھالا

تو کون جانے کدھر گئے پھر خطا کے موسم

 

تمہاری خاطر ہی منضبط ہے نظامِ امکاں

تمہارے ہی ، بالیقیں ہیں موسم ، سدا کے موسم

 

بہار آسا ، نوید پروَر ، حیات یاور

بڑے ہیں فیاض اُس سخی کی سخا کے موسم

 

تمہارے لطف و کرم پہ موقوف ہے عنایت

تمہاری مرضی پہ ہیں خُدا کی رضا کے موسم

 

طَلب سے پہلے عطا وہ کرتے ہیں سائلوں کو

خجل ہیں پیشِ حضور سب التجا کے موسم

 

درِ عنایاتِ حرفِ مدحت پہ ایستادہ

سکوت خُو میرے حرف جُو التجا کے موسم

 

درود کی سمت سے کُمک پر نظر جمی ہے

درِ اجابت پہ منتظر ہیں دُعا کے موسم

 

مجھے تو مقصودؔ اُن کی بخشش سے حوصلہ ہے

ہیں جن کے فیضان کا حوالہ بقا کے موسم

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ