اردوئے معلیٰ

Search

 

سر سوئے روضہ جھکا پھر تجھ کو کیا

دل تھا ساجد نجدیا پھر تجھ کو کیا

 

بیٹھتے اٹھتے مدد کے واسطے

یارسول اللہ کہا پھر تجھ کو کیا

 

یا غرض سے چھُٹ کے محض ذکر کو

نام پاک اُن کا جپا پھر تجھ کو کیا

 

بے خودی میں سجدۂ دریا طواف

جو کیا اچھا کیا پھر تجھ کو کیا

 

ان کو تملیک ملیک الملک سے

مالکِ عالم کہا پھر تجھ کو کیا

 

دشتِ گردو پیش طیبہ کا ادب

مکہ ساتھا یا سوا پھر تجھ کو کیا

 

ان کے نام پاک پر دل جان و مال

نجدیا سب تج دیا پھر تجھ کو کیا

 

یٰعبادی کہہ کے ہم کو شاہ نے

اپنا بندہ کرلیا پھر تجھ کو کیا

 

دیو کے بندوں سے کب ہے یہ خطاب

تو نہ اُن کا ہے نہ تھا پھر تجھ کو کیا

 

لَایَعُوْ دُوْن آگے ہوگا بھی نہیں

تو الگ ہے دائما پھر تجھ کو کیا

 

دیو تجھ سے خوش ہے پھر ہم کیا کریں

ہم سے راضی ہےخُدا پھر تجھ کو کیا

 

دیو کے بندوں سے ہم کو کیا غرض

ہم ہیں عبد مصطفیٰ پھر تجھ کو کیا

 

تیری دوزخ سے تو کچھ چھینا نہیں

خلد میں پہنچا رضؔا پھر تجھ کو کیا

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ