شوقِ اظہارِ عقیدت
نعت لکھنے کے لیے
پاکیزگی درکار تھی
میں سراپا معصیت
اِس وادیٔ ایمن کی صورت
نور سے معمور قریئے میں
قدم رکھتا تو کیسے؟
مجھے اپنے گناہوں کے
اِسی احساس نے…برسوں
مدیحِ شاہِ طیبہ کی سعادت سے جدا رکھا
مگر دل کے نہاں خانے میں
پیہم
شوقِ اظہارِ عقیدت
موج زن تھا
پھر اِک دن یوں ہوا
میں مدحتِ آقا کی وادی میں چلا آیا
نہیں معلوم!
میں لایا گیا…یا خود ہی آیا تھا؟
مگر اِتنا سنا ہے
اِس حسیں وادی میں آنا
اِذنِ شاہِؐ بحر و بر
کے بعد ممکن ہے
سو اب یہ جان کر
میں مدحتِ آقا میں
اکثر شعر کہتا ہوں
بہت ممکن ہے!
کوئی شعر… آقاؐ کو پسند آ جائے
میری معصیت سے پُر
حیاتِ بے ثمر
حسنِ عمل سے آشنا ہو جائے
پھر، حرفِ تمنا
نور کے سانچے میں ڈھل جائے
مری قسمت بدل جائے!!!