اردوئے معلیٰ

Search

طعنۂ سود و زیاں مجھ کو نہ دینا، دیکھو

میرے گھر آؤ کبھی، میرا اثاثہ دیکھو

 

در کشادہ ہے تمہارا مجھے تسلیم مگر

مجھ میں جھانکو، کبھی قد میری انا کا دیکھو

 

بس سمجھ لینا اُسے میری سوانح عمری

سادہ کاغذ پہ کبھی نام جو اپنا دیکھو

 

اِس خموشی کو مری ہار سمجھنے والو!

بات سمجھو، مرے دشمن کا نشانہ دیکھو

 

آج لگتا ہے کہ پھر اُس سے ملے ہو جا کر

گفتگو تو سنو اپنی، ذرا لہجہ دیکھو

 

کس کی یادوں سے ہے میرے سخن کو نسبت

ڈائری کھولو پرانی، یہ حوالہ دیکھو

 

مانگنا خیر تم اُس حاصلِ ہجرت کی ظہیرؔ

اجنبی شہر میں جب کوئی شناسا دیکھو

 

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ