اردوئے معلیٰ

Search

عارضی عمر میں ثباتِ جنوں؟

ہم نے دیکھے ہیں معجزاتِ جنوں

 

ہم کوئی داستاں سناتے ہیں؟

ہم پہ گزری ہے وارداتِ جنوں

 

تیری سادہ دلی بچانے میں

بڑھ گئیں اور مشکلاتِ جنوں

 

ہم تمہیں دیر سے ملے یعنی

تم نے دیکھی ہیں باقیاتِ جنوں

 

اب نہ ہو مائلِ کرم تو بھی

دل ہے راضی بہ التفاتِ جنوں

 

تم نے اک چال کیا غلط چل دی

ہم نے ہاری ہے کائناتِ جنوں

 

عمر پیمانہِ کمال نہیں

مختصر ہی سہی حیاتِ جنوں

 

شوق کے سامنے ہے بند گلی

دل کے آگے ہیں شش جہاتِ جنوں

 

ہم نہ انکار کر سکے ناصر

اس قدر تھیں نوازشاتِ جنوں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ