اردوئے معلیٰ

Search

عجیب قریہ ہے
جس کی خوشبو سے سارا عالم مہک رہا ہے
عجیب بستی ہے
جس کی باتوں سے اک زمانہ چہک رہا ہے
عجیب سی روشنی مکانوں سے آرہی ہے
عجیب تابندگی بہرسمت چھارہی ہے
عجب زمیں ہے
کہ آسماں کی بلند یاں ہیچ لگ رہی ہیں
اُحَد کے میداں کی سمت جاتی ہوئی یہ گلیاں
بہت ہی پُر پیچ لگ رہی ہیں
مجھے یہ احساس ہی نہیں ہے کہ میں کہاں ہوں
میں کوئی ذرّہ ہوں، یاستارہ ہوں،
یاجہاں ہوں
تلاش کرتا ہوں میں وہ چہرہ
جوساری آنکھوں کامدعا ہے
مرے خدا میری خشک آنکھوں کوتازگی دے
مرے خدا مجھ کوزندگی دے
مجھے وہ چہرہ دکھا
جسے دیکھنے کی خواہش نے
مجھ کومرنے نہیں دیا تھا
کبھی بکھرنے نہیں دیا تھا
عجیب قریہ ہے
دل مسرت سے
اور آنکھیں امنڈتے اشکوں سے بھر گئی ہیں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ