عطا کر دے مجھے مولا ، کمالِ جذبۂ ایماں
عطا سے تیری ہے ملتا ، کمالِ جذبۂ ایماں
خدا کا ذکر ہے افضل ، مرے آقا نے فرمایا
خدا کی حمد ہے لکھنا ، کمالِ جذبۂ ایماں
جو ذکرِ مولا سے غافل نہیں ہوتے فقط اُن کے
دلوں میں جاگزیں ہوگا ، کمالِ جذبۂ ایماں
عمل پیرا رہا جو بھی ہمیشہ دینِ حنفی پر
ہو اس کے دل میں بھی پیدا کمالِ جذبۂ ایماں
کتابِ حق میں یہ طاہرؔ ، پڑھا ہے بارہا ہم نے
اطاعت رب ہی کی کرنا ، کمالِ جذبۂ ایماں