اردوئے معلیٰ

Search

فردوس سی ہے جلوہ نمائی ترے در کی

ہے مسندِ بے مثل چٹائی ترے در کی

 

سلطان بھی کرتے ہیں گدائی ترے در کی

خالق نے ہے خود شان بڑھائی ترے در کی

 

بینائی پہ روشن ہوا باطن کا اندھیرا

ان آنکھوں میں جب خاک لگائی ترے در کی

 

کیا میری مودت کو گرائے مرا دشمن

دیوار ہے یہ سیسہ پلائی ترے در کی

 

دہلیز پہ جب آتے ہیں کہسار نما سر

ماتھے پہ سجا لیتے ہیں رائی ترے در کی

 

مکاّر عدو کھاتا ہے منہ کی وہاں شب کو

کرتا ہے حفاظت جہاں بھائی ترے در کی

 

جی چاہتا ہے پلکوں سے ہاتھ ان کے میں چوموں

دن رات جو کرتے ہیں صفائی ترے در کی

 

چوکھٹ پہ ترے حسن کے ہیں رنگ نمایاں

ہیں وصف ترے، مدح سرائی ترے در کی

 

مرغان کی لَے رکھتی ہے داؤدی ترنم

پُر ذوق ہے کیا نغمہ سرائی ترے در کی

 

ہر حرف سے بہہ نکلے گا دریائے محبت

لفظوں میں اگر لاؤں جدائی ترے در کی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ