قائم ہو جب بھی بزم حساب و کتاب کی

میں شان دیکھ پاؤں رسالت مآب کی!

ہاں میں بھی سر جھکائے کھڑا تھا حضورِ شاہ !

لگتا ہے یوں کہ جیسے یہ باتیں ہوں خواب کی!

خوں رنگ ہو گئی ہے حضوری کی آرزو!

شاید اسے نصیب ہو صورت گلاب کی!

ایماں کے ساتھ جس نے عمل سے کیا گریز

اس نے تو اپنی آپ ہی مٹی خراب کی

اُن کا سحابِ لطف برستا ہے ہر طرف

رحمت ہے کیسی عام، رسالت مآب کی!

مجھ پر یہ لطف کم تو نہیں ہے کہ ہجر میں

کرتا ہوں نذر شعرِ عقیدت، جناب  کی!

اے شافعِ اُمم ! ہے تمنائے عاصیاں!

نوبت کبھی نہ آئے، سوال و جواب کی!

ہر فرد سیرتِ شہ والا میں ڈھل کے آئے!

تجسیم ہو تو یوں ہو نئے انقلاب کی!

ظاہر ہو جب شفاعتِ کبریٰ تو ہے اُمید

میں بھی رہوں نظر میں وہاں آنجناب کی!

اے کاش اہلِ بزم سبھی یہ صدا سنیں!

’’اللہ نے تمہاری دعا مستجاب کی!‘‘

پہنچیں حضورِ شافعِ محشر سب اُمتی

حبل المتین تھامے ہوئے الکتاب کی!

ہوں گے جو سجدہ ریز وہاں سیدالانام

رحمت مآب ہو گی، تجلی عتاب کی!

صد شکر شعر گوئی کے ہنگام بھی عزیزؔ

دل نے صراطِ نعتِ نبی انتخاب کی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Releated

پھراٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب

پھر اٹھا ولولہ یاد مغیلان عرب پھر کھنچا دامن دل سوئے بیابان عرب باغ فردوس کو جاتے ہیں ہزاران عرب ہائے صحرائے عرب ہائے بیابان عرب میٹھی باتیں تری دینِ عجمِ ایمان عرب نمکیں حسن ترا جان عجم شان عرب اب تو ہے گریۂ خوں گوہر دامان عرب جس میں دو لعل تھے زہرا کے […]

بھینی سہانی صبح میں ٹھنڈک جگر کی ہے

کلیاں کھلیں دلوں کی ہوا یہ کدھر کی ہے کھبتی ہوئی نظر میں ادا کس سحر کی ہے چبھتی ہوئی جگر میں صدا کس گجر کی ہے ڈالیں ہری ہری ہیں تو بالیں بھری بھری کشتِ اَمل پری ہے یہ بارش کدھر کی ہے ہم جائیں اور قدم سے لپٹ کر حرم کہے سونپا خدا […]