اردوئے معلیٰ

Search

لاریب ذاتِ سرورِ کونین ہے عظیم

مطلوبِ خلق، رحمتِ دَارین ہے عظیم

 

کوئی نہیں نبی کے سوا جس کو کہہ سکیں

ہستی سما و ارض کے مابین ہے عظیم

 

آئے رسول دن میں بہاریں سما گئیں

سوئے فلک چلے تو کُھلا رَین ہے عظیم

 

شہرِ نبی سے ہو کے جو آئے وہ کہہ اُٹھے

دربار ہے عظم وہاں چین ہے عظیم

 

’’تیرے بدن میں عشقِ محمد کی ہے مہک‘‘

کہہ دیں لحد میں جس کو نکیرین، ہے عظیم

 

رمزِ درودِ پاک سمجھنے کے واسطے

اک رہنما کتاب ’’جلالین‘‘ ہے عظیم

 

اصحابؓ سب ہیں نورِ رسالت سے مستنیر

قربت سے شہ کی رتبۂ شیخینؓ ہے عظیم

 

عفوِ گناہ کا ہے بھروسا جو حشر میں

جرموں سے میرے ’’فضلِ کریمین‘‘ ہے عظیم

 

سر پر رکھوں ملے جو وہ خوابوں میں بھی عزیزؔ

نسبت سے ان کی رتبۂ نعلین ہے عظیم

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ