اردوئے معلیٰ

Search

لے آنکھ موند لی دمِ دیدار، اور حُکم ؟

اے پردہ داریٔ لب و رُخسار! اور حُکم ؟

 

فرماں تھا آپ کا کہ کروں اپنی سرزنش

میں سر ہی کاٹ لایا ہوں، سرکار! اور حُکم ؟

 

پہلو میں چاند لایا ہوں ، شیشے میں چاندنی

آوارگانِ قریۂ بیدار! اور حُکم ؟

 

تُو نے دیا تھا حُکم کہ میں جینا چھوڑ دوں

تعمیل ہو چکی ہے مرے یار! اور حُکم ؟

 

ضد تھی تری کہ کُھل کے بتاؤں میں دل کی بات

سو کر دیا ہے عشق کا اظہار، اور حُکم ؟

 

لیں ، رکھ دئیے ہیں آپ کی پاپوشِ پاک پر

دلق و گلیم ، خرقہ و دستار ، اور حُکم ؟

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ