اردوئے معلیٰ

Search

مجھ پرِ کاہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

اسیرِ راہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

 

وہ جس نے ساری ہواؤں کے رُخ بدل ڈالے

اسی نگاہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

 

جو دیکھ آتے ہیں اک بار جالیاں ان کی

آرامگاہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

 

وہ یارِ غار جو آقا پہ جان دیتا تھا

رفیقِ شاہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

 

جہاں سے پڑھ کے اٹھے عُمر اور علی سے زعیم

ہاں! خانقاہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

 

غنی نے جس کو خریدا بحکمِ شاہِ رُسل

کہو تو چاہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

 

جو بات کرتے ہیں اسدالرسول حمزہ کی

وہ کج کلاہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

 

کریں جو بات کہِیں عَمرو، سعد و خالد تو

جلال و جاہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

 

وہ جس نے قیصر و کسری کو خاک چٹوائی

اُسی سپاہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

 

کہیں پہ روکنا پڑ جائے ذکر تو تنہا

وہیں سے ماہِ مدینہ کی بات کرتے ہیں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ