مرحبا! حُسنِ طریقت آپ کی
مُستند، کامِل شریعت آپ کی
جُستجو میں آپ کی دونوں جہاں
ذرّے، ذرّے پر حکومت آپ کی
جُملہ اَوصاف و خَصائص بے مثال
پیکرِ اُتَّم ہے مُورت آپ کی
آیہء تطہیر بھی کہتی ہے یہ
پاک ہے سب آل و عِترت آپ کی
رُوح کو مَہکا رہی ہے، خوب ہے
دامنِ دِل میں محبت آپ کی
ماورائے عقل ہو جانِ رضاؔ
کیا بیاں ہو شان و عظمت آپ کی