اردوئے معلیٰ

Search

مری بھی بگڑی بنانے حضور آئیں کبھی

مِرا نصیب جگانے حضور آئیں کبھی

 

خوشی کا مژدہ سنانے حضور آئیں کبھی

مجھے بھی جلوہ دکھانے حضور آئیں کبھی

 

چمن میں پھول کھلانے حضور آئیں کبھی

کہ اجڑے دل کو بسانے حضور آئیں کبھی

 

حسن حسين جو پیارے ہیں آپ کو آقا

انہیں کا صدقہ لٹانے حضور آئیں کبھی

 

خمار جس کا رہے عمر بھر نگاہوں میں

شراب عشق پلانے حضور آئیں کبھی

 

میں سوؤں خواب میں دیدار آپ کا ہوجائے

مجھے وہ نیند سلانے حضور آئیں کبھی

 

ہے تیرہ قلب مرا ہر طرف اندھیرا ہے

چراغ عشق جلانے حضور آئیں کبھی

 

پھنسی ہے ناؤ مری جاکے بیچ دھارے میں

اسے بھی پار لگانے حضور آئیں کبھی

 

مدد کی ہم کو ضرورت ہے اے مرے آقا

ہماری ناؤ ترانے حضور آئیں کبھی

 

چہار سمت سے گھیرا ہے مجھ کو آفت نے

رہائی مجھ کو دلانے حضور آئیں کبھی

 

میں نعت لکھّوں پڑھوں آپ کی اے میرے حضور

مری بھی داد بڑھانے حضور آئیں کبھی

 

غریب و بے بس و بیکس ہوں اے مرے آقا

مرا بھی بھاگ جگانے حضور آئیں کبھی

 

مریضِ دید ہے شاہد علاج کیسے ہو

کہ دید اس کو کرانے حضور آئیں کبھی

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ