اردوئے معلیٰ

Search

مصائب کی سر پر کڑی دھوپ ہے

بُلا لو مدینے بڑی دھوپ ہے

 

یہاں ہجر میں چھاؤں بھی خار ہے

وہاں پھول کی پنکھڑی، دھوپ ہے

 

جو خضریٰ کی چھاؤں نے دی ہے صدا

سمجھ لو گھڑی دو گھڑی دھوپ ہے

 

تمازت کی برچھی جو لذت میں ہے

ترے در کی دل میں گڑی ُدھوپ ہے

 

ہو جس کے بھی پیشِ نظر در ترا

کہاں اس کے پیچھے پڑی دھوپ ہے

 

جو زائر ہیں طیبہ کے اُن کے لئے

چنبیلی کی روشن لڑی دھوپ ہے

 

ستارہ سا ہے جو ،ترے شہر کی

مژہ پر ذرا سی اَڑی دھوپ ہے

 

یہ گنبد پہ ہے جو سنہری رِدا

نگینے میں عادل جڑی دھوپ ہے

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ