اردوئے معلیٰ

Search

نبی کی حب سے علاقہ نہیں تو کچھ بھی نہیں

ہمارے سر میں یہ سودا نہیں تو کچھ بھی نہیں

 

ہزار باغ بسے ہوں نگاہ میں پھر بھی

نظر میں آپ کا روضہ نہیں تو کچھ بھی نہیں

 

یہ مال و دولتِ دنیا یہ عزت و شہرت

درِ حضور پہ تکیہ نہیں تو کچھ بھی نہیں

 

سنا ہے میں نے یہ اہلِ نظر کو کہتے ہوئے

نصیب آپ کا جلوہ نہیں تو کچھ بھی نہیں

 

یہ بات سچ ہے کہ دل کی ہر ایک دھڑکن پر

نبی کی یاد کا پہرہ نہیں تو کچھ بھی نہیں

 

بہت ضروری ہے مر جائیں اُن کی حرمت پر

اگر یہ کام بھی ہوتا نہیں تو کچھ بھی نہیں

 

چراغِ مدحتِ آقا کی پاک کرنوں سے

نگاہ و دل کو اجالا نہیں تو کچھ بھی نہیں

 

ہوں چاہے جتنے گھنے پیڑ تیرے آنگن میں

گر اُن کی آل کا سایا نہیں تو کچھ بھی نہیں

 

جہان بھر کی ہوں اسناد پھر بھی محشر میں

شہہِ ُرسل کا حوالہ نہیں تو کچھ بھی نہیں

 

اگر یہ چاند ستارے بھی ہاتھ آ جائیں

فدا جو اُن کا سہارا نہیں تو کچھ بھی نہیں

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ