نبی ﷺ پہ کتنا کرم رَبِّ ذوالجلال کا ہے
کہ جو بھی وصف ہے اُن ﷺ کا بڑے کمال کا ہے
کھلے ہیں پھول جہاں بھی حسین سیرت کے
تمام عکس اُسی حسنِ لازوال کا ہے
جو زخم دل کو ملے ہیں فراقِ طیبہ میں
ضرور وقت کوئی اُن کے اِندمال کا ہے
حضور ﷺ! اِذنِ حضوری اِسے بھی مل جائے
شکستہ پا کو بھی ارمان عرضِ حال کا ہے
عزیزؔ مدحتِ سرکار ﷺ ہے وظیفۂ جاں
یہی تو خاص کرم شاہِ خوش خصال ﷺ کا ہے