اردوئے معلیٰ

Search

نصیب ہو جسے تیری عطا غریب نواز

کسی سے کیا اسے لینا بھلا غریب نواز

 

اِدھر بھی ایک نگاہِ کرم کرو للہ

تمہارے در پہ ہوں میں بھی پڑا غریب نواز

 

زمانے بھر کے امیروں کو بھیک دیتا ہے

جسے نواز دیا تو نے ، یا غریب نواز !

 

کہیں نہ جاؤنگا تیری گلی سے، در سے ترے

میں تیرا منگتا ہوں ، تیرا گدا غریب نواز

 

مری نگاہ نے ہندوستان دیکھا ہے

کہیں ملا نہ مگر دوسرا غریب نواز

 

خدا بھی اس کا، رسولِ خدا بھی اس کے ہیں

جو صدق دل سے تمہارا ہوا غریب نواز

 

ترے دیار میں پہنچی جو التجا میری

تو مسکرانے لگا مدعا غریب نواز

 

گھٹائیں رنج و مصائب کی چھٹ گئیں فوراً

چلی جو تیرے کرم کی ہوا غریب نواز

 

خود اس کا منزلیں کرتی ہیں بڑھ کے استقبال

چْنا ہے جس نے ترا راستہ غریب نواز

 

تمہیں پکار رہا ہوں ، صدا لگاتا ہوں

مری طرف بھی ذرا دیکھنا غریب نواز

 

کھڑا ہے در پہ ترے کاسئہ مراد لئے

مجیبؔ کو بھی ہو صدقہ عطا غریب نواز

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ