اردوئے معلیٰ

پہلے درود پڑھ کے معطر زباں کرو

پھر شاہِ دو جہان کی سیرت بیاں کرو

 

ہو جائے گا اجالا مدیحِ حضور سے

ذکرِ نبی سے زیست کو تم ضوفشاں کرو

 

عشقِ نبی کی شمع سے روشن ہو پہلے فکر

پھر مشکبار یاد سے دل کا جہاں کرو

 

ہو جائے گا تمہارا ایمان بھی مکمل

تم مصطفیٰ سے اپنی محبت عیاں کرو

 

قرآن میں کہا ہے یہ پروردگار نے

مومن ہو گر تو طاعتِ شاہِ زماں کرو

 

ذکرِ شفیعِ حشر ہی دیتا ہے راحتیں

چاہے کرو زبان سے چاہے نہاں کرو

 

اے ناز کر وظیفہ محمد کے نام کا

تسکین ہوگی روح کی مسرور جاں کرو

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ