اردوئے معلیٰ

Search

چمک جب تک رہی اعمال میں اُس پاک سیرت کی

یہ اُمَّت مستحق بھی تھی زمانے بھر میں عزت کی!

 

نگاہِ لطف کے قابل تھی خالق کی نظر میں بھی

کہ جب تک اپنے منصب کی اِس اُمت نے حفاظت کی!

 

یہ دین اللہ کی وارث رہی جب تک زمانے میں

اُسی دم تک رہی یہ قوم حامل، شان و شوکت کی

 

کلیمی صرف ایسے وقت تک حاصل رہی اس کو

زمیں پر جب تلک اس نے بس اِک رب کی نیابت کی!

 

نیابت مان لی جب اس نے، فرعونوں کی، دنیا میں

تو ٹھہری مستحق یہ قوم دنیا بھر میں ذلت کی!

 

سبق آہستہ آہستہ پڑھا تھا دینِ برحق کا

مگر بے راہ ہو جانے میں اِس اُمَّت نے عجلت کی!

 

اب اس کا مرثیہ لکھوں کہ میں روتا رہوں پئے ہم

لحد پر میں کھڑا ہوں اُمَّتِ مسلم کی غیرت کی!

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ