اردوئے معلیٰ

Search

کاش سرکار کے حجرے کا میں ذرہ ہوتا

ان کے نعلین کا جاں پر میری قبضہ ہوتا

 

حشر تک سر نہ اٹھاتا میں درِ اقدس سے

میری قسمت میں ازل سے یہی لکھا ہوتا

 

ان کے جلوؤں میں مگن رات بسر ہو جاتی

ان کو تکتے ہوئے ہر ایک سویرا ہوتا

 

ان کی راہوں میں نگاہوں کو بچھائے رکھتا

ان کی آہٹ پہ دل و جان سے شیدا ہوتا

 

کبھی پیشانی پہ حسنین کے پاؤں پڑتے

اور علی کا کبھی سر پر میرے تلوا ہوتا

 

ہر کوئی چومتا آنکھوں سے لگاتا مجھ کو

ان کی نسبت سے ابد تک میرا چرچا ہوتا

 

عمر، عثمان، ابوبکر ، حذیفہ، حمزہ

سب صحابہ کو میری آنکھ نے دیکھا ہوتا

 

بیٹھ کر دل پہ میرے نعت سناتے حسان

ناز کا تاج میرے سر پہ سنہرا ہوتا

 

رب کا احساں ہے کہ آقا کا سخنور ہوں آسؔ

یہ بھی سرمایہ نہ ہوتا تو میرا کیا ہوتا

یہ نگارش اپنے دوست احباب سے شریک کیجیے
لُطفِ سُخن کچھ اس سے زیادہ